کاروار:20؍ڈسمبر (ایس او نیوز)نئے سال کے لئے دس دن باقی رہ گئے ہیں اور ایسے میں کئی ادارے اور اسوسی ایشن نئے سال 2019 کا استقبال کرنے کے لئے پروگرام کو دھوم دھام سے منانےکی تیاریوں میں جٹ گئے ہیں۔ ایسے میں نئے سال کے جشن میں مگن عوام کو کرناٹکا ماحولیاتی بورڈ نے پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جشن کے دوران دھوم دھڑام ہوا تو لازماً کیس درج کیا جائے گا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق نئے سال کی آمد پر منعقد کئے جانے والے پروگراموں میں بڑی آواز سے گانوں کو بجانے اور ڈانس کرنے پر کرناٹکا ماحولیاتی بورڈ نے روک لگائی ہے۔ صوتی آلودگی کو روکنے کے لئے اس اقدام کو اٹھانے کی بات کہی گئی ہے۔ کوئی بھی قانون اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بڑے آواز کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں تو ان کے خلاف باقاعدہ کیس درج کئے جانے کا بورڈ نے انتباہ دیا ہے۔
مرکزی انسداد آلودگی بورڈ نے فی الوقت 75ڈیسیبل سے زائد ساؤنڈ نہیں بجانے کا قانون بنایا ہے۔ صوتی آلودگی کو روکنے کے لئے ٹرافک پولس موبائیل مراکز کا قیام کرے گی ۔ اس سلسلے میں ٹرافک پولس اور ماحولیاتی بورڈ مشترکہ کارروائی کرنے کی ذرائع نے خبردی ہے۔